بھٹکل،25/ مارچ (ایس او نیوز) شیڈول کاسٹ (ایس سی) سرٹفکیٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے موگیر برادری نے اسسٹنٹ کمشنر دفتر کے قریب جو احتجاجی دھرنا شروع کیا ہے وہ آج تیسرے دن بھی جاری ہے ۔ احتجاجیوں نے اپنا حق ملنے تک دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اس دھرنے میں اپنی حمایت درج کروانے کے لئے کل موگیر طبقہ سے ہی تعلق رکھنے والے سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا نے شرکت کرتے ہوئےاس بات پر ناراضی ظاہر کی کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے احتجاجی مظاہرہ کے موقع پر جو میمورنڈم قبول کیا تھا اس پر 24 گھنٹے گزر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت کی طرف سے یا ضلع انتظامیہ کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے انہوں نے کہا کہ ایس سی سرٹفکیٹ نہ ملنے کی وجہ سے طلبا کو بہت زیادہ پریشانی ہو رہی ہے ۔ اگر اس مشکل کا حل نہیں نکلا تو پھر نوجوان نسل شدید احتجاج پر اتر آئے گی اور اس کے بعد انہیں قابو میں رکھنا ہمارے بس میں نہیں رہے گا ۔ پھر جو کچھ بھی ہوگا اس کے لئے سیدھے حکومت اور ضلع انتظامیہ ہی ذمہ دار ہونگے۔
شمالی کینرا مچھلی فروش فیڈریشن کے صدر راجو تانڈیل نے دھرنے کے مقام پر پہنچ کر اپنی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر تعلقہ سطح پر کامیابی نہیں ملتی ہے تو پھر ضلع اور ریاستی سطح پر احتجاج کے لئے بھی ہم لوگ تیار ہیں۔
احتجاجی دھرنے کی حمایت میں سیکڑوں طلبہ نے گورٹے میں جمع ہوکر پدیاترا نکالی اور احتجاجیوں کے ساتھ دھرنے میں شامل ہوگئے۔
اس موقع پر شمالی کینرا مچھلی فروش فیڈریشن کے ڈائریکٹر یادو موگیر ، وٹکل دئیمنے ، دیواکر بیلکے ، پنڈلک ہیبلے ، ایشور گورٹے ، ایف کے موگیر ، انپّا موگیر وغیرہ موجود تھے۔